کیا آپ بھی کسی غیر معمولی فوبیا کا شکار ہیں؟ جانیے

کچھ ایسے انوکھے فوبیاز بھی موجود ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہے فائل فوٹو کچھ ایسے انوکھے فوبیاز بھی موجود ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہے

دنیا بھر میں مختلف افراد مختلف چیزوں سے خوف کا شکار ہوسکتے ہیں ، کیا آپ کو کبھی کسی چیز سے خوف محسوس ہوا ؟

خوف یا فوبیا کسی چیز یا صورتحال سے ڈرنے کا عمل ہے جو پریشان کن نہ ہو لیکن اگر یہ خوف کی صورتحال پریشان کن ہوجائے تو یقیناً الارمنگ ہے۔

لوگوں میں عام طور پر پائے جانے والے خوف میں اونچائی کا خوف، مرنے کا خوف، انجکشن لگوانے کا خوف وغیرہ پائے جاتے ہیں لیکن چند اور دلچسپ فوبیا ایسے بھی ہیں جن سے متعلق شاذو نادر ہی آپ نے سنا ہو۔

تو آئیے آج کی اس رپورٹ میں ان انوکھے فوبیا کا ذکر کرتے ہیں۔

نہانے کا خوف (ابلوٹو فوبیا)

ابلوٹوفوبیا نہانے یا خود کو صاف کرنے کا خوف ہے جو زیادہ تر بچوں میں پایاجاتا ہے اور عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ کم ہوجاتا ہے لیکن یہ خوف نوجوانوں میں بھی پایا جاسکتا ہے۔

ایسے افراد نہانے دھونے سے گریز کرتے ہیں جس کے باعث ایسے لوگوں کے جسم سے اٹھتی ناخوشگوار بدبو انہیں سماجی تنہائی کا شکار کردیتی ہے۔

نہانے کے خوف کا شکار افراد بعض اوقات پانی یا گیلے ہوجانے کے خوف سے بھی نہانا پسند نہیں کرتے جسے ایکوا فوبیا بھی کہا جاتا ہے۔

لباس کا خوف (ویسٹی فوبیا)


ویسٹی فوبیا دراصل لباس کا خوف ہے کوئی شخص کسی مخصوص گارمینٹ سے خوف محسوس کرسکتا ہے۔

اسی طرح بعض افراد فٹ کپڑوں سے اور بعض کسی لباس سے برا تجربہ حاصل کرنے کے بعد اس خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

یہ انوکھا فوبیا لباس سے ہونے والی کسی الرجی یا پھر کسی خاص لباس ( مثلاً وردی ) کی وجہ سے ملنے والے تکلیف دہ واقعے کی صورت بھی پیدا ہوسکتا ہے۔

مثال کے طور پر دنیا بھر میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جب سابق فوجی اپنے وردی سے بھی خوف محسوس کرنے لگے، اس فوبیا کو بعض اوقات اسپیکٹرو فوبیا یا کیٹوٹروفوبیا بھی کہا جاتا ہے۔

آئینہ دیکھنے کا خوف ( ایسوپٹروفوبیا )

اس خوف کا شکار لوگ خود کو آئینے میں نہیں دیکھ سکتے، یہ خوف کسی بھی سطح کا ہو سکتا ہے، مثال کے طور پر اس خوف کا شکار لوگوں میں آئینہ ٹوٹنے کا خوف پایا جاتا ہے۔

کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ شیشے کا ٹوٹنا ان کی بدقسمتی کا سبب بن سکتا ہے۔

یا پھر ایسے لوگ شیشہ اس لیے نہیں دیکھتے کہ انہیں شیشے میں اپنے علاوہ بھی کوئی مافوق الفطرت چیزیا سایہ نظر نہ آجائے۔

یا پھر کوئی شخص اپنی جسمانی ساخت پر شرمندگی محسوس کرتے ہوئے آئینہ نہیں دیکھنا چاہتا، یہ صورتحال کم خود اعتمادی سے پیدا ہوتی ہے جو ڈپریشن کا باعث بن سکتی ہے۔

پیلے رنگ کا خوف ( زینٹو فوبیا)

زینٹو فوبیا کا تعلق پیلے رنگ کے خوف سے ہے، بعض لوگ پیلے رنگ کی نظر آنے والی ہر چیز سے خوف محسوس کرتے ہیں۔

مثلاً اسکول بسز، سورج مکھی کا پھول ، پیلے رنگ کا پینٹ یا بیڈ شیٹس وغیرہ، ایسے لوگ پیلے رنگ کی کسی بھی چیز سے گریز کرتے ہیں،

موبائل فون نہ ہونے کا خوف ( نوموفوبیا)

گھر سے نکلتے وقت، مارکیٹ میں یا پھر کسی بھی جگہ پر آپ بھی یہ بار بار یہ چیک تو نہیں کرتے کہ آپ کا موبائل فون آپ کے پاس ہے یا نہیں؟ کہیں گر تو نہیں گیا یا پھر کوئی چھین نہ لے۔

اس فوبیا کو نوموفوبیا کہا جاتا ہے جو کہ آپ کے جدید دور میں بڑی عام سی صورتحال ہے، ایک تحقیق کے مطابق 77 لوگ دن میں 35 مرتبہ اپنے موبائل فون کی موجودگی چیک کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store