ہم سب خواب دیکھتے ہیں اور یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ خواب ہماری نیند کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آخر نیند میں خواب کیوں آتے ہیں اور ان کی اہمیت کیا ہے؟
خواب نیند کے کسی بھی مرحلے میں آسکتے ہیں، تاہم طبی ماہرین ان کو زیادہ تر "ریم سلیپ"کے دوران دیکھے جانے سے جوڑتے ہیں۔
اب تک محققین اس بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے کہ خواب آنے کی اصل وجہ کیا ہے، البتہ کئی نظریات اور قیاس آرائیاں ضرور موجود ہیں۔
عام طور پر مانا جاتا ہے کہ خواب دراصل ہماری روزمرہ زندگی کی جھلکیاں ہوتے ہیں جو ہمارے تجربات، بات چیت اور موجودہ حالات سے جڑے ہوتے ہیں۔
یہ خواب نہ صرف یادوں کو محفوظ رکھنے اور ان کا تجزیہ کرنے میں مددگار بنتے ہیں بلکہ ممکنہ طور پر دن کے وقت درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذہنی "ریہرسل" کا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔
ڈراؤنے خواب کیوں آتے ہیں؟
طبی ماہرین کے مطابق پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس سینڈروم سے متاثرہ افراد کو ڈراؤنے خواب آنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔
اگر آپ اس نفیسیاتی حالت سے متعلق نہیں جانتے تو بتاتے چلیں کہ پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر ایک نفسیاتی حالت ہے جو کسی تکلیف دہ یا خوفناک واقعے کے بعد انسان پر حاوی ہو جاتی ہے۔
اس نفسیاتی عارضے میں مبتلا انسان کا دماغ پریشان کن احساسات اور یادوں سے بھرا ہوتا ہے اور جب آپ کا دماغ مسلسل سوچوں میں گم ہو اور منفی خیالات سے بھرا ہو تو آپ کو ڈراؤنے خواب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خوابوں کا دورانیہ کتنا ہو سکتا ہے؟
نیند میں دکھنے والے خوابوں کا دورانیہ کتنا لمباہو سکتا ہے اس پر ماہرین متفق نہیں، کیوں کہ بعض اوقات ان خوابوں کا دورانیہ لمبا ہو جاتا ہے تو بعض اوقات ان خوابوں کا سائیکل تیزی سے گزر جاتا ہے۔
خواب کیوں اہم ہیں؟
ایک مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ خواب کے دوران ہماری دماغی لہریں تقریباً اتنی ہی متحرک ہوتی ہیں جتنی کہ ہمارے جاگتے وقت ہوتی ہیں ۔
ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق دماغ کا سب سے زیادہ متحرک حصہ جسے ایمی گالا کہا جاتا ہے، خواب دکھنے کے دوران زیادہ مصروف ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ حصہ نیند میں انسان کو اس کی بقا کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے میں مصروف ہوتا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ تمام فنونِ لطیفہ سے جڑے افراد اپنے شاہکاروں کا کریڈٹ اپنے خوابوں کو دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ خواب کو انسان میں تخلیقی رجحان پیدا کرنے کیلئے بھی مددگار بتایا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کا خیال ہے کہ خواب یادداشت کے معاون ہیں، نیند میں دکھنے والے خوابوں کے ذریعے انسان اہم معلومات ذخیرہ کرتا ہے اور غیر ضروری چیزوں سے جان چھڑاتا ہے۔