صبح کے خاموش لمحات میں باتھ روم کی الماری سے کاٹن بڈز نکال کر کان صاف کرنا اکثر لوگوں کے لیے ایک عام عادت ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر بے ضرر عمل آپ کی سماعت کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
کان کی موم (Earwax) کیا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق کان کی موم یا سیرومن کوئی گندگی نہیں بلکہ جسم کا قدرتی حفاظتی نظام ہے۔
یہ موم کان کو نمی فراہم کرتا ہے، بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے اور گرد و غبار کو کان کے اندر جانے سے بچاتا ہے۔
وقت کے ساتھ یہ موم خود بخود باہر نکل آتا ہے یا غسل کے دوران بہہ جاتا ہے۔
کاٹن بڈز کا نقصان
ماہرین کے مطابق جب ہم کاٹن بڈز کان میں ڈالتے ہیں تو اس کے قدرتی صفائی کے عمل میں خلل آتا ہے۔
اس کے نتیجے میں وہ موم جو خود بخود باہر آنا چاہیے، اندر کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے اور وقت کے ساتھ سخت ہو جاتا ہے، جس سے کان بند ہونے، سماعت متاثر ہونے اور درد جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔
جرنل آف پیڈیاٹرکس میں شائع ایک تحقیق کے مطابق صرف امریکہ میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 2,63,000 سے زائد بچے کاٹن بڈز کے استعمال کی وجہ سے زخمی ہو کر ایمرجنسی میں لائے گئے۔
اسی طرح برطانیہ میں بھی ہر سال ہزاروں ایسے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ ماہرین کہتے ہیں زیادہ تر مواقع پر کان کی صفائی کی ضرورت ہی نہیں پڑتی کیونکہ کان خود اپنا موم صاف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اگر کبھی کان بھرا ہوا محسوس ہو، خارش ہو یا سننے میں کمی آنے لگے تو بہتر ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔
ماہرین خاص آلات یا سکشن کے ذریعے محفوظ طریقے سے موم نکالتے ہیں۔
گھر پر آپ سادہ طریقے اپنا سکتے ہیں جیسے نہاتے وقت نیم گرم پانی کو کان کے باہر بہنے دینا۔
نرم کپڑے سے کان کے دہانے کو صاف کرنا یا ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بازار میں دستیاب مخصوص ایئر ڈراپس یا زیتون کے تیل کے چند قطرے ڈال کر بھی موم کو نرم کیا جا سکتا ہے۔
کان کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کے کان خاص طور پر نازک ہوتے ہیں۔ بچپن میں ڈالی جانے والی غلط عادات، جیسے کاٹن بڈز یا نوک دار چیزیں استعمال کرنا، مستقبل میں سماعت کے مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔
کاٹن بڈز اگرچہ صفائی کا ذریعہ لگتی ہیں، مگر حقیقت میں یہ کانوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ کان کی موم دشمن نہیں بلکہ محافظ ہے۔
قدرت پر بھروسہ کریں اور صرف ضرورت پڑنے پر ماہر سے رجوع کریں، کیونکہ بظاہر معمولی صفائی کی یہ عادت آپ کی قیمتی سماعت کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہے۔