حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بچے جب زیادہ وقت موبائل، ٹی وی اور کمپیوٹر کی اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں تو اس کا منفی اثر ان کے دل کی صحت پر پڑ سکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کا زیادہ وقت موبائل، ٹیبلٹ، کمپیوٹر یا ٹیلی ویژن (ٹی وی) کی اسکرین کے سامنے گزارنا ان کی دل کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جب بچے زیادہ وقت اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں تو ان کی جسمانی سرگرمی کم ہو جاتی ہے۔
جس کی وجہ سے موٹاپے میں اضافے کا خطرہ ہوتا ہے اور دل کی بیماریوں کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
مذکورہ تحقیق کے دوران ایک ہزار سے زیادہ بچے اور نوجوان جن کی عمریں 10 سے 18 سال کے درمیان تھیں۔
ان کے اسکرین کے استعمال اور نیند کے معمولات کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی بچہ روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ اسکرین دیکھتا ہے۔
تو اس کے دل اور میٹابولزم کے مسائل ہونے کا خطرہ ہم عمر بچوں کے مقابلے میں تقریباً 25 سے 50 فیصد زیادہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ بچے روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ جسمانی ورزش یا کھیل کود میں حصہ لیں۔
علاوہ ازیں والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کا اسکرین ٹائم محدود کریں اور انہیں زیادہ فعال بنانے کی کوشش کریں۔
ماہرین نے یہ بھی کہا کہ بچوں کو اسکرین سے دور رکھنے کے لیے مثبت سرگرمیاں جیسے باہر کھیلنا، کتاب پڑھنا اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا زیادہ اہم ہیں۔
ان کے مطابق اگر بچوں کے اسکرین ٹائم پر قابو پایا جائے اور جسمانی سرگرمی کو بڑھایا جائے تو دل کی صحت کے مسائل سے بچاؤ ممکن ہے۔
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں۔
اور ان کی روزمرہ زندگی میں متوازن روٹین کو فروغ دیں تاکہ بچے صحت مند اور توانائی سے بھرپور رہ سکیں۔