ذائقہ دار کھانوں کے لاجواب اور حیرت انگیز فوائد

ذائقے میں فائدہ فائل فوٹو ذائقے میں فائدہ

پاکستان اور بھارت کے کروڑوں لوگ مسالے دار کھانوں کے شوقین ہیں، حالانکہ قدیم حکیم اور طب کے ماہرین نے کبھی یہ کہا کہ یہ کھانے نظام ہاضمہ کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں اور ان سے جسمانی تکالیف ہو سکتی ہیں۔

تاہم جدید تحقیق نے اس نظریے کو چیلنج کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر مسالے دار کھانے اعتدال سے استعمال کیے جائیں تو یہ صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر کے مطابق، مسالے دار غذا بھوک کو کم کرتی ہے اور انسانی جسم کے نظام انزایمات کو بہتر بناتی ہے، جس سے جسمانی توانائی اور میٹابولزم میں بہتری آتی ہے۔

مختلف تحقیقی مطالعات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے مسالے دار کھانا کھاتے ہیں، ان کی صحت بہتر رہتی ہے اور وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔

مثال کے طور پر، 2020ء میں کی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ مرچوں والا کھانا موٹاپا، دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق، جو لوگ اکثر مسالے دار کھاتے ہیں، ان میں اموات کی شرح 25 فیصد کم ہوتی ہے بجائے ان لوگوں کے جو کم ہی مسالے دار کھاتے ہیں۔

مرچوں میں موجود گرم اور تیز مرکب "کیپساسین" انسانی جسم کو متعدد صحت کے فوائد فراہم کرتا ہے۔

کلیولینڈ کلینک کے ماہر امراض قلب کے مطابق، کیپساسین ہمارے اعصابی خلیوں کے خاص ریسیپٹرز کو متحرک کرتا ہے، جو ایڈرینال غدود کو متحرک کر کے جسم میں ایڈرینالین ہارمون خارج کرتا ہے۔

یہ ہارمون جسم میں چربی کو جلاتا ہے اور خون میں شوگر کی مقدار کو کنٹرول کرتا ہے، ساتھ ہی ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کیپساسین جسم میں سوزش کو بھی کم کرتا ہے، جو کہ دل کی بیماریوں اور دیگر دائمی امراض کی وجہ بنتی ہے۔

اسی لیے کیپساسین والی دوائیں اعصابی درد اور گٹھیا کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ مزید برآں، کیپساسین میٹابولزم کو بڑھا کر وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہوتا ہے۔

تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ تازہ مرچوں میں کیپساسین اور وٹامن سی زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے تازہ مرچ کھانے سے صحت کے مزید فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

جو لوگ باقاعدگی سے تازہ مرچ کھاتے ہیں، ان میں دل کی بیماری، ذیابیطس اور کینسر کی شرح کم پائی گئی ہے۔

مسالے دار کھانے انسانی جسم میں موجود مفید جراثیم، جنہیں "مائیکرو بایوم" کہتے ہیں، کی تعداد اور تنوع بڑھاتے ہیں۔

یہ جراثیم نظام ہاضمہ کو مضبوط کرتے ہیں اور نقصان دہ بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔

مزید طبی فوائد میں شامل ہیں:

مسالے کینسر کے خلیوں سے لڑنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ کیپساسین جسم کے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیوں کو سست کرنے اور تباہ کرنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ صحت مند خلیوں کو نقصان نہیں پہنچاتا۔

زیرہ اور ہلدی میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس اور اینٹی مائیکروبیل خصوصیات جسم میں نقصان دہ بیکٹیریا کے خلاف کام کرتی ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی اور چائنا نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے ایک بڑے مطالعے کے مطابق، ہفتے میں چھ سے سات دن مسالے دار کھانے سے اموات کی شرح میں 14 فیصد کمی آتی ہے۔

مسالے دار کھانا برا کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم اور اچھا کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

یوں یہ واضح ہوتا ہے کہ مسالے دار کھانے مناسب مقدار میں استعمال کیے جائیں تو یہ نہ صرف نقصان دہ نہیں بلکہ صحت کے لیے بے شمار فوائد کا باعث بنتے ہیں۔

 

 

 

install suchtv android app on google app store