کیا نکوٹین پاؤچ سگریٹ سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے؟ حیران کن حقائق جانیں

نکوٹین پاؤچ کے نقصان دہ اثرات فائل فوٹو نکوٹین پاؤچ کے نقصان دہ اثرات

سگریٹ کے متبادل کے طور پر نکوٹین پاؤچ یا وائٹ سنس ایک نیا نشہ ہے جو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جسے نسوار کی طرح منہ میں رکھ کر استعمال کیا جاتا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر نکوٹین پاؤچ کی جدید تشہیری مہم کا آغاز کیا گیا جس میں نوجوانوں کو تمباکو فری کے نام پر ان پاؤچز کی جانب راغب کیا جارہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔

نجی چینل کے پروگرام میں ڈینٹل ڈاکٹر عبدالقادر بلوچ نے نکوٹین پاؤچ کے نقصانات اور اس کے مضر اثرات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سراسر دھوکہ ہے کیونکہ یہ چیز کسی بھی صورت صحت کیلیے اچھی نہیں ہے، اس میں اور سگریٹ میں کوئی فرق نہیں۔

سوائے اس کے کہ سگریٹ کو سلگا کر پیا جاتا ہے اور اسے براہ راست منہ میں رکھ لیتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ نکوٹین پاؤچ میں تمباکو کے پتوں سے کشید کردہ نکوٹین، سوڈیم کاربونیٹ، فلیورنگز اور مٹھاس شامل ہوتی ہے۔

ایک نکوٹین پاؤچ میں ایک سو پچاس گرام تک نکوٹین موجود ہوتی ہے، یہ مسوڑھوں کی نرم تہہ سے نکوٹین کو تیزی سے جذب کرکے خون میں شامل کردیتی ہے جس سے نکوٹین کا اثر زیادہ شدید ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسوڑھوں میں جذب ہوکر وہ اسے سُن کر دیتی ہے، یہ پاؤچز دانتوں اور مسوڑوں کی مختلف کی بیماریوں کا بھی سبب بن رہے ہیں، اس کا زیادہ استعمال منہ کے کینسر کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سگریٹ نوشی ایک ایسا شوق ہے، جس سے سالانہ 8 ملین افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

ایک جانب میڈیا چینلز پر نکوٹین کی مصنوعات کی تشہیر پر پابندی ہے لیکن سوشل میڈیا پر بڑی خاموشی سے اس کی تشہیر جاری ہے جو ایک بڑا سوالیہ نشان ہے؟

install suchtv android app on google app store