سرخ اور میٹھے تربوز کی پہچان انتہائی آسان

تربوز فائل فوٹو تربوز

صحت پر بے شمار فوائد کا حامل تربوز گرمیوں میں ناصرف راحت بخشتا ہے بلکہ جسم میں پانی اور الیکٹرولائٹس کی کم مقدار کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔

تپتے گرم موسم میں تربوز انسان کے لیے قدرت کی جانب سے ایک رسیلا اور میٹھا تحفہ ہے جسے تقریباً ہر عمر کا فرد ناصرف پسند کرتا ہے بلکہ اسے نت نئے طریقوں سے کھانے سے لطف اندوز بھی ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں وٹامن بی بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جو گرمیوں میں پانی کے سبب ہونے والی جسمانی تھکاوٹ کا احساس کم کرتا ہے اور انسان کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرواتا ہے۔

غذائیت کے اعتبار سے تربوز کے 100 گرام میں 30 کیلوریز، صفر فیصد فیٹ، 112 ملی گرام پوٹاشیم ، 8 گرام کاربوہائیڈریٹس، 6 گرام شوگر، 11 فیصد وٹامن اے، 13 فیصد وٹامن سی، 90 فیصد پانی اور 10 فیصد آئرن سمیت پوٹاشیم، سوڈیم، کیلشیم، فاسفورس اور فائبر پایا جاتا ہے۔

درج بالا سب اجزاء انسانی صحت اور قوتِ مدافعت کے لیے انتہائی لازمی جز قرار دیے جاتے ہیں۔

تربوز کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے درج ذیل ہیں:

تربوز اور دل کی صحت:

تربوز انسانی جسم کے سب سے اہم جز دل کی صحت کے لیے بے حد مفید قرار دیا جاتا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں مدد کرتے ہیں، اینٹی آکسیڈنٹ کے علاوہ اس میں پایا جانے والا وٹامن اے، سی، بی 6، منرلز اور لائیکوپین دل کی بیماریوں کے لیے بھی سود مند ثابت ہوتے ہیں۔

امریکی یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ صبح ناشتے میں تربوز کی ایک قاش کے استعمال سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں موجود قدرتی اجزاء ناصرف بلڈ پریشر کی سطح برقرار رکھتے ہیں بلکہ دل کے دورے کی صورت میں مؤثر ڈھال کا بھی کام کرتے ہیں۔

ہڈیوں کو مضبوط بنانے کا ذریعہ:

تربوز کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بھی بہترین قرار دیا جاتا ہے۔

تربوز کا استعمال ہڈیوں کی بیماری آسٹیو پروسس سے محفوظ رکھتا ہے، یہ بیماری انسانی ہڈیوں کو کمزور کر دیتی ہے، تربوز کے بیجوں میں موجود میگنیشیم مدافعتی نظام، میٹابولزم کے ساتھ پٹھوں کی صحت اور ہڈیوں کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔

چربی کم کرنے میں مددگار

تربوز انسانی جسم کی زائد چربی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، اس میں موجود امینوایسڈز کیلوریز جلانے میں مدد دیتے ہیں، جسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رکھنے خصوصاً توند سے نجات میں کامیابی کے لیے تربوز کا استعمال مفید قرار دیاجاتا ہے۔

گرمی دور کرنے کا ذریعہ:

تربوز کا استعمال گرمی کی شدت کم کرنے میں مدد دیتا ہے، چونکہ انسان کو گرم موسم میں پیاس زیادہ لگتی ہے اور وہ پانی کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے تاہم اس کے باجود انسانی جسم میں پانی کی کمی رہ جاتی ہے

ماہرین صحت کے مطابق تربوز میں ایسی جزیات پائی جاتی ہیں جو ناصرف گرمی کم کرنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ وہ انسانی جسم میں پانی کی نمکیات کو بھی کنٹرول کرتی ہیں۔

بینائی کے لیے مفید:

تربوز میں وافر مقدار میں لائیکوپین جز پایا جاتا ہے جو بینائی کی حفاظت کرتا ہے اور سوزش جیسی شکایات سے بچاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ انسانی آنکھوں میں بینائی کمزور پڑنے لگتی ہے جبکہ تربوز کا استعمال مضبوط نظر کے لیے نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے، تربوز کا استعمال دماغ کو بھی طاقت اور صحت بخشتا ہے۔

انفیکشن اور وائرل سے بچاؤ کا ذریعہ:

انسانی جسم میں انفیکشن کی روک تھام میں تربوز کا استعمال اہم کردار ادا کرتا ہے، تربوز میں مختلف وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جانے کے سبب انفیکشنز کا بروقت خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔

تربوز میں موجود لائیکوپین اور وٹامن سی اینٹی انفکیشن اجزا ہیں جو کہ انفیکشنز کو روکنے کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں۔

تربوز کا استعمال خوبصورتی کا خزانہ:

تربوز کا استعمال انسانی جسم کو طاقت بخشتا ہے اور بالوں کو صحت مند بناتا ہے، اس کے استعمال سے چہرے پر تازگی اور جِلد بھی تروتازہ شاداب نظر آ تی ہے۔

تربوز میں وٹامن اے اور سی کی موقجودگی جسم اور بالوں کی صحت کے لیے مفید قرار دی جاتی ہے جبکہ وٹامن سی بھی جلد اور بالوں کی تندرستی میں مدد فراہم کرتا ہے۔

سرخ اور میٹھا تربوز خریدنے کا طریقہ:

اس بار تربوز خریدنے دکان پر جائیں تو درج ذیل آزمودہ ٹپس کو یاد رکھیے:

تربوز کی رنگت گہری ہو مگر اس کا چھلکا چمکتا ہوا نہ ہو۔

تربوز کو خریدنے سے پہلے اسے بجا کر دیکھیں، پکے ہوئے تربوز کو اوپر سے تھپتھپانے پر ایسا لگے گا کہ جیسے کسی کھوکھلی چیز کو تھپتھپایا ہے۔

اگر پھل کو بجانے سے کسی ٹھوس چیز جیسی آواز آئے تو یہ پھل کے پکے ہوئے نہ ہونے کی نشانی ہوتی ہے۔

تربوز کو ہاتھ میں اٹھا کر ضرور دیکھیں اور تسلی کریں کہ اس کا وزن اس کی جسامت سے زیادہ ہونا چاہیے، اس کے لیے آپ اسی جسامت کے دوسرے تربوز سے بھی موازنہ کر سکتے ہیں جو تربوز بھاری ہوگا وہی میٹھا اور پکا ہوا ہوگا۔

اسی اصول کو دوسرے پھلوں کے لیے بھی آزمایا جا سکتا ہے۔

تربوز خریدتے وقت ذہن میں رکھیں کہ تربوز ہموار اور یکساں گولائی کے ساتھ ہو اور اس پر کوئی خاص نشان، کٹ اور چوٹ نہ ہو۔

اچھے اور میٹھے تربوز سے تیز میٹھی مہک آنا ضروری ہے، اگر اس کی مہک عجیب یا بری محسوس ہو تو اس کا مطلب ہے کہ پھل خراب ہے۔

install suchtv android app on google app store