انیس سو اٹھتیس میں شائع ہونے والا سپرمین کامک کا ابتدائی شمارہ نیلامی کےلیے پیش کر دیاگیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کامک کا یہ شمارہ سپرمین کامک کی پچھلی تمام نیلامیوں کےریکارڈ توڑ دے گا۔
ابھی تک اس شمارے کی ایک لاکھ سینتیس ہزار ڈالر قیمت لگائی جا چکی ہے اور نیلامی کے ختم ہونے میں ابھی کافی وقت باقی ہے۔ پینتیس لوگ اس نیلامی میں حصہ لے رہے ہیں۔
سپرمین کامک کا یہ نادر شمارہ امریکی ریاست منیسوٹا کے ایک غیر آباد گھر کی دیوار سے ملا ہے۔ اس کامک کو ڈھونڈنے والے شخص ڈیوڈ گونزالیز نے بتایا کہ جب وہ اس غیر آباد گھر کی دوبارہ مرمت کر رہے تھے تو اسے دیوار کے ایک سوراخ سے کچھ اخبارات ملے جن میں سپرمین کامک کا یہ شمارہ بھی تھا۔