لیجنڈ اداکار محمد علی کو بچھڑے سات برس بیت گئے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار و صدا کار محمد علی انیس اپریل انیس سو تیس کو بھارت کی ریاست رام پور میں پیدا ہوئے۔ محمد علی کی لازوال فلمی خدمات کے صلے میں انھیں شہنشاہ جذبات کے خطاب سے نوازا گیا۔ محمد علی کا شمار ایشیا کے پچیس عظیم ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔
میلینیم اسٹارمحمد علی نے ڈھائی سو سے زائد فلموں میں بطور اداکاری کے جوہر دکھائے، اور مداحوں کے دلوں پر اپنی اداکاری کے نقش چھوڑ دئیے۔ محمد علی کو الفاظ کی ادائیگی اور جذبات کے اظہار میں کمال حاصل تھا۔
پر کشش شخصیت کے مالک محمد علی نے انیس سو چھپن میں اپنے فنی سفر کا آغاز بطور صداکار ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے کیا، جس کے بعد فلم انڈسٹری میں جلوہ گر ہوئے اور اپنی خدا داد صلاحیتوں سے فلمی دنیا کی جان بن گئے۔ فلمی صنعت میں علی بھائی کے نام سے پہچانے جانے والے محمد علی کي پہلي فلم، چراغ جلتا رہا۔ انیس سو باسٹھ میں ريليزہوئي، تاہم ان کی کامیابیوں کا سلسلہ فلم، خاموش رہو، سے شروع ہوا۔
انیس سو چھیاسٹھ میں فلم تم ملے پیار ملا کے سیٹ پر محمد علی صف اول کی اداکارہ زیبا سے ملے اورایک دوسرے کی محبت کے ایسےاسیر ہوئے کہ فلم کی تکمیل سے پہلے ہی رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
محمد علی پندرہ سال تک اپنا ایک خیراتی ادارہ بھی چلاتے رہے گردوں کی بیماری کی وجہ سےعلی بھائی انیس مارچ، دو ہزار چھ کو دار فانی سے کوچ کر گئے۔ لیکن ان کی محبت آج بھی زیبا محمد علی اور اور لاکھوں مداحوں کی آنکھیں نم کررہی ہے۔