سی این جی کی قیمتوں کا فارمولہ طے کرنے کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔
اجلاس وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہو گا جس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سی این جی کی قیمتوں کا فارمولا طے کر کے منظوری کے لئےوزیر خزانہ کو بھیجا جائے جو کہ اس فارمولے کی حتمی منظوری ای سی سی کے اجلاس سے لیں گے ۔ یاد رہے کہ سی این جی بحران کے پیش نظر گیس کی نئی قیمتوں کے فارمولے کے تعین کا آڈر سپریم کورٹ نے اپنے عبوری حکم میں دیا تھا۔  قیمتوں کی منظوری کے بعد حکومت سی این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان اوگرا کے ذریعے کرے گی۔ 
اوگرا نے اجلاس میں  سی این جی قیمت پٹرول سے منسلک کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق پٹرول کے ساٹھ فیصد تناسب سے سی این جی کی قیمت میں انتیس روپے ،،پینسٹھ فیصد تناسب سے قیمت میں چوالیس اور اسی فیصد تناسب سے سی این جی کی قیمتوں میں انسٹھ روپے فی کلو اضافہ ہو جائے گا۔اجلاس میں سی این جی ایسوسی ایشن اور صارفین کے نمائندوں کا موقف بھی سناجائیگا۔