ٹماٹر مرغی سے بھی مہنگا ، قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

  • اپ ڈیٹ:
شہر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے تجاوز کر چکی ہے فائل فوٹو شہر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے تجاوز کر چکی ہے

کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں، فی کلو نرخ مرغی کے گوشت سے بھی زیادہ ہو گئے۔ شہر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس نے شہریوں کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

دکانداروں کے مطابق افغانستان سے ٹماٹر کی درآمد بند ہونے اور پنجاب سے رسد میں کمی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس وقت کراچی میں ٹماٹر کی تقریباً 90 فیصد ضرورت ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جا رہی ہے، تاہم سپلائی ناکافی ہونے کے باعث نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کے سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر کیے ہیں، مگر بچت بازاروں سمیت عام مارکیٹوں میں دکاندار سرکاری نرخوں پر فروخت سے انکار کر رہے ہیں کہ وہ منڈی سے ٹماٹر مہنگا ملنے کی وجہ سے سستا فروخت نہیں کر سکتے۔

بچت بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر دکاندار سرکاری نرخوں پر عمل نہیں کرسکتے تو انہیں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store