امریکی صدار اوباما اور ان کے حریف میٹ رومنی کے درمیان صدارتی الیکشن کے سلسلے میں حتمی مباحثہ آج ہوگا
امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے حتمی مباحثے میں خارجہ پالیسی کو موضوع بنایا جائے گا۔ دونوں صدارتی امیدوار افغانستان ، پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورت حال سے متعلق اپنی پالیسی وضع کریں گے۔امریکی صدر باراک اوباما اپنے مشیروں کے ساتھ حتمی مباحثے کی تیاری کے لئے کیمپ ڈیوڈ چلے گئے ہیں جبکہ ان کے حریف میٹ رومنی پہلے ہی فلوریڈا پہنچ چکے ہیں۔ چھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل دونوں امیدواروں کے پاس کروڑوں ووٹروں کے ساتھ براہ راست مخاطب ہونے اور اپنی اپنی پالیسیوں کو وضع کرنے کا یہ آخری موقع ہوگا۔ اب تک ہونے والے قومی سروے کے مطابق صدر اوباما اور میٹ رومنی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے اور اس وقت دونوں کو سینتالیس ، سینتالیس فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے ۔