بھارت کی کابینہ میں اتوار کو متوقع ردوبدل سے قبل وزراء کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعہ کو بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے استعفے کے بعد اطلاعات و نشریات کی وزیر امبیكا سونی، سماجی انصاف کے وزیر مكل واسنك اور سیاحت کے وزیر سبودھ كانت سہائے نے بھی اپنے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ نوجوانوں کو موقع دیا جائے۔ دوسری جانب امبیکا سونی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے استعفی دینے کی اجازت طلب کی ہے اور استعفی دینے کی وجوہات پر بحث کی ہے اور انھوں نے بھی نوجوانوں کو موقع دیے جانے کی بات کہی ہے۔ مکل واسنک دلتوں کے بڑے رہنما شمار کیے جاتے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل دوہزار چودہ کے عام انتخابات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے تاکہ مختلف ریاستوں کو نمائندگی مل سکے اور حکومت کی شبیہ کو بہتر بنایا جا سکے۔