افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں عسکریت پسندوں کے ساتھ خونریز لڑائی میں دس افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ مرنے والے پانچ پولیس افسران میں ضلع اوبی کا پولیس سربراہ بھی شامل ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق لڑائی دوپہر کو اس وقت شروع ہوئی جب طالبان نے پولیس کے قافلے پر حملہ کیا ، لڑائی کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ ضلع اوبی کے گورنر نجیب اللہ احمدی نے کہا ہے کہ لڑائی میں پانچ پولیس اور پانچ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ تین عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے امریکی قیادت میں نیٹو فورس اور مغربی اتحادیوں سے دو ہزار چودہ کے آخر تک سیکورٹی کی مکمل ذمہ داری سنبھالنا ہے جو اس وقت ملک چھوڑ دے گی۔