پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ انٹرنیشل کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد خوش آیند ہے ، جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ بعض ٹیمیں سیکورٹی کی وجہ سے پاکستان آنے سے گھبراتی ہیں ۔ سیکورٹی کے حوالے سے اقدامات کیئے جا رہے ہیں ، جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے ، سیکورٹی کے حوالے سے پنجاب حکومت نےیقین دہانی کروائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ آیندہ سال مارچ میں پاکستان میں پریمئر لیگ کا آغاز ہو جائے گا۔ جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے کیئے گئے ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کچھ باتیں ابھی میڈیا پر نہں کی جا سکتی ۔