قومی ویمن کرکٹ ٹیم ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، کپتان ثناء میر کہتی ہیں کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ، بہتر کھیل کا تسلسل جاری رکھیں گے
چین کے شہر کوانگزو میں کھیلے گئے ویمن ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد ائیرپورٹ پہنچنے پرکپتان ویمن کرکٹ ٹیم ثناء میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہتر رہی، ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، بسمہ معروف کو پلیئرآف دی سیریزقراردیاگیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی، ثناء میر کا کہنا تھا کہ جنوری میں ورلڈ کپ ہے جس میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔ پاکستان نے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کوشکست دی تھی جبکہ فائنل میں قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔