پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اب زیادہ دور نہیں، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کیلئے اصولی اتفا ق کرلیا ہے، حتمی فیصلہ آج متوقع ہے ۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا اجلاس آج نئے صدر ناظم الحسن کی زیر صدارت ہوگا جس میں دورے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر مصطفی کمال کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نائب صدر بننے کے بعد بنگلا دیشی بورڈ نے دورہ پاکستان کے لئے تجویز پر غور شروع کردیا، امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سال کے آخر میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کو اس سال مئی میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو عدالتی حکم کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا، اب سب کو انتظار ہے کہ بنگلادیشی عدالت اس بار ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت دیتی ہے یا ایک بار پھر رنگ میں بھنگ ڈالتی ہے۔