کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مزید بارہ افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا گشت بھی کچھ کام نہ آسکا
کراچی کے علاقے گلشن اقبال موچی موڑ پر نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے نجی بنک کے ملازم عامر نقوی جاں بحق ہوگئے۔ جمشید روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بلدیہ عظمیٰ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر شمیم خان کو قتل کردیا۔ شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انفارمیشن سیکریٹری سجاد بلتی کو ہلاک کردیا، جس کے بعد علاقے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ واٹر پمپ فائیو اسٹار چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شفیق جاں بحق ہوگیا۔ لیاری کے علاقوں کرؤان سینما اور چاکیواڑہ سے تین تشدد زدہ لاشیں ملیں جن میں سے ایک شخص کی شناخت جاوید کے نام سے ہوئی۔ تاہم دو لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی، ادھر اسٹیڈیم روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی بلڈر حاجی احمد ہلاک ہوگئے۔ سولجر بازار اور برنس روڈ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوئے۔