کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد پینسٹھ سے تجاوز کرگئی۔
الاآصف اسکوائر کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا،اورنگی ٹاون نمبر پانچ پیٹرول پمپ کے نزدیک موٹر سائیکل سواروں نے دو افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نجم عباس اور نثار مہدی موقع پر جاں بحق ہوگئے مقتولین کی لاشوں کو عباسی اسپتال پہنچا دیا گیا۔ مقتولین لکی ٹیکسٹائل میں ملازم تھے ۔ گزشتہ رات سچل کے علاقے میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دم توڑ گیا جس کی شناخت نادر کے نام سے ہوئی ۔ یکم نومبر کو سات افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔ دو نومبر کو فائرنگ اور تشدد سے متحدہ کے دو کارکنوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوئے۔ تین نومبر کو چھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ چار نومبر کو شہر میں گیارہ گھروں میں صف ماتم بچھی ۔ پانچ نومبر کا سورج پانچ افراد کی موت کا پروانہ لے کر طلوع ہوا ۔ چھ نومبر کو علامہ آفتاب حیدر جعفری سمیت پندرہ افراد کی زندگی کے چراغ گل ہوئے جبکہ سات نومبر کو گیارہ افراد دہشت گردی کا شکار بنے۔