کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت نوافراد جاں بحق ہو گئےجبکہ پولیس نے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں سمیت دس ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
کراچی میں پولیس اور رینجرز ٹارگٹ کلرز کی من مانیوں کو نہ روک سکے۔ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے مذہبی جماعت کے رہنما قاری احمد حسین جاں بحق ہو گئے۔ مواچھ گوٹھ میں اعجاز احمد گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ میٹروول سائٹ میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کے کا رکن میاں جان کو قتل کیا گیا۔ ناظم آباد میں فائرنگ سے سلیم اللہ زندگی کی بازی ہا ر گیا، منگھو پیر سے تشدد کر کے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ سول ہسپتال کے قریب سے پولیس کانسٹیبل شجاح حسین جبکہ ائیرپورٹ کے قریب فلیٹ سے ایک خاتون ماہ نور کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ ماڑی پور میں رضوا ن کو قتل کر کے لاش سڑک پر پھینک دی گئی۔ دوسری جانب سے سی آئی ڈی پولیس نے منگھو پیر سلطان آباد میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔سائٹ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے پانچ مبینہ ڈاکوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔سلطان آباد میں بھتہ خوری اور منشیات فروشی کے خلاف مکینوں نے ایم ٹی خان روڈ پر احتجاج کیا، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر دیا