کندھ کوٹ: دو قبائل کے مابین تصادم، باپ اور بیٹا قتل
کندھ کوٹ میں دو قبائل کے مابین تصادم کے نتیجے میں باپ اور بیٹا قتل، جبکہ مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ کندھ کوٹ کے گلشیر محلہ میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر مسلح افراد نے باپ اور بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جبکہ مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقع کے بعد پولیس نے نعشوں کو کندھ کوٹ سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ ورثا نے لاشوں کو انڈس ہائی وے پر رکھ کراحتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک دو گھنٹے کےلئے معطل رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقتولین کا ناحق خون بہایا گیا ہے، تاہم قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔