شہر قائد میں قتل وغارت گری کےواقعات میں کمی نہ آسکی ،فائرنگ کے تازہ واقعات میں دو بھائیوں سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پولیس نے شریف آباد میں لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا
کراچی کے علاقہ فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک ہوٹل پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ باقی افراد ہسپتال میں علاج کے دوران چل بسے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نیو کراچی کی مسجد کے پیش امام رفیق سمیت دو سگے بھائی جبرائیل اورخدائے نور بھی شامل ہیں۔ دیگر افراد کی شناخت ساجد اور عامر کے نام سے کی گئی ہے۔ علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلےمختلف فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں چار افراد کی زندگی کے چراغ گل ہو گئے۔