لاہور، انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج اے ٹی سی کے جج منظرعلی گل نے سنایا۔ فیصلے کے مطابق شاہ ریزخان کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم ان پر کیس کی مزید تفتیش جاری رہے گی۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد شاہ ریز خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا، کیس کی آئندہ سماعت میں مزید شواہد اور تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کے وکیل رانا مدثرنے مؤقف اپنایا کہ شاہ ریزپرالزام ہے کہ انہوں نے کارکنوں کواکسانے کی کوشش کی تاہم مکمل تفتیش کے باوجود ان کے خلاف کوئی براہِ راست ثبوت موجود نہیں۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر، چالان اور تفتیشی رپورٹس میں شاہ ریزکا نام شامل نہیں ہے وہ واقعے کے وقت چترال میں موجود تھے، جس کے بیانِ حلفی اورشواہد عدالت میں پیش کیے گئے ہیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ ان کی والدہ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے آوازبلند کرتی رہی ہیں اوراسی سیاسی پس منظرکی وجہ سے ان کے بیٹے کونشانہ بنایا گیا۔