بہاولپور میں ہائی ایس وین اور منی ٹرک میں تصادم کے نتیجہ میں 7خواتین اور 4بچوں سمیت 26 مسافر جاں بحق اور 9 شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پرانکی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حادثہ بہاولپور بائی پاس پر کھجی والے باغ کے قریب اسوقت پیش آیا جب بہاولپو ر سے احمد پور شرقیہ جانے والی ہائی ایس وین نیشنل ہائی وے میں داخل ہونے کی کوشش پر تیز رفتار منی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا خوف ناک تھا کہ مسافر وین کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار ڈرائیور سمیت 26 مسافر جاں بحق ہوگئے جنکی لاشیں وین اور ٹرک کو کاٹ کر نکالی گئیں جبکہ ٹرک ڈرائیور سمیت 9 مسافروں کو شدید زخمی حالت میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر انکی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مسافر خانہ کا ناصر حنیف،خانقاہ شریف کا ظفر اقبال،سمہ سٹہ کا محمد جمیل اور مبارک پور کا رہائشی راؤساجد شامل ہیں جبکہ دیگر افراد کی لاشوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے۔