اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےبھارتی وزیرخارجہ کےخطاب کےموقع پرسینکڑوں کشمیریوں کااپنےحق خودارادیت کیلئےمظاہرہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 67 ویں سالانہ اجلاس سے بھارتی وزیر خارجہ  ایس ایم کرشنا کے خطاب کے موقع پر سینکڑوں کشمیری عوام نے اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے اپنے حق خودارادیت کے لئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کی جس کو واشنگٹن میں قائم کشمیری امریکن کونسل نے سپانسر کیا تھا۔

سردار محمد یعقوب  خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام نبی فائی کی کشمیر کاز کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ' پرامن مظاہرین پر تشدد ' کشمیریوں کی نسل کشی اورکشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپنی پاس کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد اور کشمیری عوام پر جبر و ا ستبداد کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں سردار سوار خان اور سردار متشتاق علی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔سرداریعقوب خان نے  کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پِیچھے نہیں ہٹیںگے  اور بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ریلی کے دوران دو قراردادوں کی منظوری بھی دی گئی جن میں امریکی صدر بارک اوباما اور اقوام متحڈہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سے کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب مسئلہ کے حل میں مدد کیلئے خصوصی نمائندے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store