صدرزرداری ہیلری کلنٹن دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت آج ہوگی

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن صدر کی معاونت کریں گے۔

صدر آصف علی زرداری اور امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن آج رات نیویارک میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔
وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن صدر کی معاونت کریں گے۔
اس سے پہلے نیو یارک میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ   صدرجنرل اسمبلی کے اجلاس کی ضمنی مصروفیات میں چین کے وزیر خارجہ سے بھی بات چیت کریں گے۔
پاکستان کے سفیر نے کہا کہ صدر افغانستان اور امریکہ کے نمائندوں پرمشتمل ایک سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں افغانستان میں مفاہمت کے عمل پر غور کیا جائے گا۔    سفیر نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
صدر آصف علی زرداری کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے اور     ایک امریکی کی بنائی ہوئی گستاخانہ فلم کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے عالمی ادارے کو آگاہ کریں گے وہ اس کے علاوہ دوسرے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی اظہار خیال کریں گے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ گستاخانہ فلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور صدر زرداری اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جنرل اسمبلی کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کریں گے۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کوعالمی امن کے تحفظ کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ صدر اپنے خطاب میں علاقے کی سلامتی کی مخدوش صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

install suchtv android app on google app store