وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹوں تک بڑے پیمانے پررسائی دی جائے۔انہوں نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے مذاکرات کے دوران یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک جلد آزادانہ تجارتی معاہدے کے کچھ اہم نکات پر بات چیت کریںگے تاکہ دونوں ممالک کی مصنوعات کو ایک دوسرے کی مارکیٹوں تک رسائی مل سکے۔ ۔ انہوںنے کہا کہ جمہوری اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان بہتر انداز میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خطرے سے نمٹ سکتا ہے۔ مذاکرات کے دوران پاک امریکہ باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاک امریکہ تعلقات مشکل دور سے گزر رہے تھے جواب بہتر ہورہے ہیں۔ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی معاونت اور مالی امداد فراہم کرنے پر امریکہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس سے امن و استحکام اور دونوں ممالک کے عوام کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کیری لوگر بل میں سینیٹر جان کیری اور سینیٹر رچرڈ لوگر کے کردار اور کوششوں کی تعریف کی۔