یوم عشق مصطفیۖ: عوام پرامن احتجاج کریں ،کائرہ

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب حکومت کو احتجاجی مظاہروں کے بارے میں پیشگی آگاہ کرنے کے باوجود پنجاب پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے نہیں روکا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن احتجاج کریں ،سرکاری املاک کو جلانا اور نقصان پہنچانا ناجائز ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب حکومت کو احتجاجی مظاہروں کے بارے میں پیشگی آگاہ کرنے کے باوجود پنجاب پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے نہیں روکا، غیر ملکی سفارتکاروں کو تحفظ فراہم کرنا صرف پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ پوری پاکستان کی ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم ان کا ہر حال میں دفاع کریں گے، پوری قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ ایک ہو کر احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے، حکومت آج یوم عشق رسولۖ منانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے، صوبائی حکومتوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا چاہئے، حکومت نے امریکہ اور اقوام متحدہ سے اس واقعہ پر احتجاج کیا ہے اور صدر مملکت آصف علی زرداری بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس معاملہ کو اٹھائیں گے۔ جمعرات کو پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز حکومت پنجاب سے کہا تھا کہ آپ اسلام آباد کی طرف آنے والے راستوں کو بند کریں تاکہ احتجاج کرنے والے یہاں نہ آسکیں کیونکہ اسلام آباد ایک چھوٹا شہر ہے، یہاں کی انتظامیہ کی استعداد کار بہت کم ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کو یہاں روکنا اس کے بس میں نہیں ہے ،اس کے باوجود پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، تمام احتجاجی جلوس راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئے لیکن پنجاب پولیس نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی اور مری سے آنے والے احتجاجی قافلوں کو پنجاب پولیس کی طرف سے نہیں روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین نے جھنڈے، ڈنڈے اور بندوقیں اٹھائی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس وقت دیکھ رہی ہے کہ ان جھنڈے والوں کا کس کے ساتھ تعلق ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں حکومت نے جمعہ کو سرکاری طور پر احتجاج منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب جیسے ملک میں اس قسم کے اقدامات کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو کہا کہ وہ اس معاملہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائیں۔ انہو ںنے کہاکہ وفاقی حکومت کل وفاق اور صوبائی سطح پر عشق رسولۖ کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس میں ہم نے تمام سفارتکاروں،  حکومت کے اراکین، تمام مکاتب فکر کے لوگوں اور علماء کو مدعو کیا ہے وہاں وزیراعظم جو بات کریں گے پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہوگی، وہ زیادہ طاقت ور آواز ہوگی۔ جمعرات کو ہونے والے پرتشدد مظاہرے (آج )جمعہ کو کئے جانے والے احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرتشدد احتجاج عشق رسولۖ کا کوئی رنگ نہیں ہے، املاک کو نذر آتش کرنا، لوگوں کو مارنا یہ عشق نبیۖ کا کوئی رنگ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب سے زیادہ عاشق رسولۖ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرتشدد مظاہروں سے اجتناب کریں اور فساد پھیلانے والوں سے محتاط رہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ احتجاج میں پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ان پرتشدد مظاہروں اور احتجاج کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد کرتے ہیں ،پنجاب حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ، وہ حالات کو خراب کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں موجود سفارتکاروں کو تحفظ فراہم کرنا صرف پیپلز پارٹی کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ پاکستان کی پوری ریاست کی ذمہ داری ہے، ان کا ہم ہر حال میں دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے گھر کو آگ لگا کر احتجاج کرنا کوئی احتجاج نہیں، اس وقت پوری قوم کی طرف سے یکجہتی کی ضرورت ہے اور تمام لوگ ایک جگہ اکٹھے ہو کر یک آواز ہو کر احتجاج کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ دنیا میں ہولوکاسٹ ہوا اور اس کا نام لیں تو پوری دنیا میں آگ لگ جاتی ہے کیونکہ یہودی کم ہونے کے باوجود منظم ہیں، اگر آپ اس طرح اپنے گھر کو آگ لگانا شروع کر دیں گے تو آپ کو دنیا میں کتنی طاقت ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلہ میں تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے تمام صوبائی حکومتوں کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جس دن یہ واقعہ پیش آیا سب سے پہلے دفتر خارجہ نے اس پر بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے اور احتجاج کیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے، قومی اسمبلی نے بھی اس پر متفقہ قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس پر احتجاج کر رہی ہے، ہم نے امریکی حکومت اور اقوام متحدہ سے بھی احتجاج کیا ہے، امریکی حکومت نے اس کی مذمت جاری کی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں بھی ون پوائنٹ ایجنڈے پر غور کیا گیا اور وزیراعظم پاکستان نے بروز جمعہ یوم عشق رسولۖ منانے کا اعلان کیا اور تمام مکاتب فکر کے علماء کو کہا گیا ہے کہ وہ آئیں تاکہ وفاق اور صوبوں کی سطح پر متفقہ احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔ صدر مملکت سے کہا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس مسئلہ کو اٹھائیں، کابینہ میں او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کی بھی بات کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جمعرات کو ہونے والے مظاہرے میں جمعہ کو ہونے والے قومی سطح کے مظاہرے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، یہ باقاعدہ سازش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم سے کہا ہے کہ وہ پرامن رہے، حکومت آپ کے احتجاج میں آپ کے ساتھ ہے اور پاکستان واحد ملک ہے جو ریاست کی سطح پر احتجاج کر رہا ہے اور متحد ہو کر احتجاج کریں تاکہ دنیا کو ایک پیغام جائے۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ نے شان مصطفیٰۖ کیلئے پوری قوم سے سفارش کی ہے کہ وہ  تجاویز دے تاکہ ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے ۔

install suchtv android app on google app store