وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات سیدصمصام علی شاہ بخاری نےکہاہے کہ سپریم کورٹ کے دوہری شہریت کیس کےفیصلہ کوتسلیم کرتے ہیں،عدالتوں کوفیصلے دینےکااختیارہےاور پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے،ملک میں جمہوریت ہی جیتے گی،
 بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر وترقی اور اقتصادی بہتری میں بڑا کردار اداکررہے ہیں۔ جمعرات کو   اسلام آباد میں پاکستان نرسز فائونڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کا وہ رکن نااہل ہوا ہے جس کے اپنی قیادت کے ساتھ اختلافات تھے،مسلم لیگ (ن) کے کئی اور ارکان کو جانتا ہوں جودوہری شہریت رکھتے ہیں لیکن ان کے نام ابھی سامنے نظر نہیں آرہے۔  ایک سوال پروزیرمملکت نے کہاکہ ایک تجویز تھی کہ خاص عہدوں کو چھوڑ کر پارلیمان میں بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے نشستیں مختص کردی جائیں کیونکہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی تعمیر وترقی اور اقتصادی بہتری میں ایک بڑا کردار اداکرتے ہیں۔ وزیرداخلہ سینیٹراے رحمن ملک کو مشیر داخلہ بنائے جانے کے حوالہ سے سوال پر وزیرمملکت اطلاعات نے کہاکہ وہ قانونی ماہر نہیں تاہم مشیر لگانا حکومت کا استحقاق ہوتاہے۔ ایک اور سوال پر انہوںنے کہاکہ اگرکسی کا کوئی اور مقصد بھی ہو تب ہی ملک میں جمہوریت ہی جیتے گی۔ انہوںنے کہاکہ بہت سارے ممالک میں دوہری شہریت کی اجازت ہے۔ ایک اور سوال پر وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات  نے کہاکہ اے رحمن ملک شہریت چھوڑنے کا کہہ چکے ہیں۔
 
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے نرسنگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ تکلیف اور مشکل صورتحال میں مریض کی خدمت ایک بہت بڑا عظیم کام ہے، صحت اور تعلیم کے شعبہ کو نظرانداز کرنا ہمارے مسائل کی بنیادی وجہ ہے، نرسنگ کے شعبہ کے حوالہ سے شعور اجاگرکرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر دنیا میں  پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگرکرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔
 
انہوں نے کہاکہ یہ قائداعظم کا پاکستان ہے، آمرضیاء الحق کا پاکستان نہیں جس کے متعارف کرائے جانے والے اسلام کی قیمت آج پورا معاشرہ اداکررہاہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام انبیائ، مقدس مقامات اور شخصیات کا احترام سب پر لازم ہے۔ پاکستان میں کوئی اقلیت نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں۔اس موقع پر فائونڈیشن کے بانی طاہراقبال، ڈاکٹر شوکت بنگش، رجسٹرار نرسنگ کونسل مسزنگہت درانی نے بھی خطاب کیا۔