اسلا م آباد…پاکستان نے ایران کو گیس پائپ لائن کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے،
حکومت آئندہ ایک ہفتے میں گیس پائپ لائن بچھانے کیلئے ٹینڈر جاری کرسکتی ہے۔ ایران کے سفیر علی رضا نے اسلام آباد میں مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کی ہے۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے ایرانی سفیر سے کہا کہ ایران پاکستان میں گیس پائپ لائن کی تعمیر میں حصہ لے۔ملاقات میں موجود انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کمپنی کے حکام کے مطابق ایران کوپیشکش کی گئی ہے کہ وہ ایرانی بارڈر کی طرف سے پائپ لائن کی تعمیر میں حصہ لے۔ حکام نے بتایا ہے کہ گیس کی تعمیر کیلیے اگلے ایک ہفتے میں ٹینڈرجاری کیے جانیکاامکان ہے اور دسمبر میں پائپ لائن کی تعمیر شروع ہونا متوقع ہے۔ ایران سے یومیہ 75کروڑ مکعب فٹ گیس کی درآمد کیلئے پاکستان کو 780کلو میٹر پائپ لائن بچھانا ہو گی جس پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 50کروڑ ڈالر تک ہے ، جبکہ پاکستان کو گیس کی فراہمی کا ہدف دسمبر 2014 تک مقرر کیا گیا ہے۔