پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں کا اعلان کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان فائل فوٹو الیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی نے ممبران کے ناموں کا اعلان کردیا جب کہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممبران کی تقرری پر اعتراض کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن ممبران کے لئے 4 ناموں پر اتفاق کرلیا جب کہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممبرز پر اعتراض اٹھایا ہے اور کمیٹی میں عوامی نیشنل پارٹی کے نمائندے نے کسی کے حق اور مخالفت میں ووٹ نہیں ڈالا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن غیر فعال: چیف جسٹس کا معاملے پر ازخود نوٹس

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے طویل بات چیت کے بعد 4 ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن آج رات جاری کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پنجاب سے جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی کے نام کی منظوری دی گئی جب کہ عبدالغفار سومرو سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن ہوں گے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا سے جسٹس ارشاد قیصر اور بلوچستان سے جسٹس شکیل احمد بلوچ کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن ممبران کیلئے نام فائنل کر لئے

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے چار اراکین ایک ماہ قبل اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے اور تاحال ان عہدوں پر نئے ارکان کا تقرر نہیں کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن غیرموثر ہوچکا ہے۔

install suchtv android app on google app store