پی ٹی آئی ریلی میں شیر افضل مروت کی ایک شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

پی ٹی آئی ریلی میں شیر افضل مروت کی ایک شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل فائل فوٹو پی ٹی آئی ریلی میں شیر افضل مروت کی ایک شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کی پشاور میں پارٹی کے جلسے کے دوران ایک شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سماجی پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر افضل مروت کارکنوں کے ہجوم کے درمیان پھنس گئے ہیں اور پھر وہ ایک شخص کو تھپڑ رسید کرتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں شیر افضل مروت غصے میں نظر آرہے ہیں، کارکنوں کی بھیڑ میں آگے بڑھتے ہی پیچھے مڑ کر ایک شخص کو تھپڑ رسید کردیتے ہیں۔

تھپڑ مارنے کے واقعے پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت دی کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ان کا ’ذاتی گارڈ‘ ہے اور انہوں نے گارڈ کو اس لیے تھپڑ مارا کیونکہ وہ پارٹی کارکنوں کو دھکا دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’دہشت گرد واقعات کے پیش نظر میرا گارڈ مجھے گاڑی میں بیٹھنے کو کہہ رہا تھا، وہ کارکنوں کو دور دھکیل رہے تھے اور انہیں میرے قریب آنے سے روک رہے تھے، میں نے گارڈ کو منع کیا کہ مجھے دھکا مت دیں‘۔

یہ پہلی بار نہیں کہ شیر افضل مروت کو ایسے کسی تنازع کا سامنا کرنا پڑا ہو، اکتوبر 2023 میں (ن) لیگ کے سینیٹر افنان اللہ خان اور شیرافضل خان مروت کے درمیان نجی ٹی وی کے پروگرام میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھ پائی ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ٹاک شو میں دونوں کو ایک دوسرے پر چیختے رہے اور اسی دوران شیر افضل اچانک اپنی نشست سے اٹھتے ہیں اور ساتھ بیٹھے مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کو تھپڑ رسید کر دیتے ہیں، جس کے بعد دونوں مہمان دست و گریبان ہو جاتے ہیں۔

واقعے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے شیر افضل مروت کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی۔

install suchtv android app on google app store