بنگلہ دیش ریسٹورنٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک

بنگلہ دیش ریسٹورنٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک فائل فوٹو

بنگلہ دیش پولیس نے گذشتہ ماہ ریسٹورنٹ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے پولیس نے یہ کارروائی دارالحکومت ڈھاکا کے باہر دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر کی۔

بنگلہ دیش کے پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوئے جن میں بنگلہ دیشی نژاد کینیڈین شہری تمیم چوہدری بھی شامل ہے جو کہ ریسٹورنٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ اور جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش کا سربراہ تھا۔

اس سے قبل پولیس نے ڈھاکا سے پچیس کلومیٹر جنوب میں واقع شہر نارایان گنج میں کئی گھنٹوں تک دہشت گردوں سے مقابلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی نیشنل پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جب پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا تو انہیں ننانوے فیصد یقین تھا کہ تمیم چوہدری یہاں چھپا ہوا ہے۔

دو ہزار تیرہ میں کینیڈا سے واپس آنے والا تمیم چوہدری جے ایم بی کا سربراہ تھا جس کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ڈھاکا ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث تھا۔

واضح رہے گذشتہ ماہ یکم جولائی کو بنگلہ دیش کے سفارتی علاقے میں واقع مشہور ریسٹورنٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں بیس یرغمالی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے چھے حملہ آوروں کو بھی ہلاک کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store