یورپی یونین مشترکہ فوج تشکیل دے، مشرقی یورپی ملکوں کا مطالبہ

یورپی یونین مشترکہ فوج تشکیل دے، مشرقی یورپی ملکوں کا مطالبہ اے ایف پی

مشرقی یورپی ملکوں نے جرمنی کے ساتھ اپنے مذاکرات میں ایک مشترکہ یورپی فوج کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ وارسا میں ایک یورپی اجلاس میں سامنے آیا، جس میں بریگزٹ کے بعد کے یورپی مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ہونیوالے ایک مشاورتی اجلاس میں شریک یورپی یونین کے رکن ملکوں کے رہنماؤں نے زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ یہ یورپی بلاک اپنی ایک مشترکہ فوج بھی تشکیل دے۔

اس اجلاس میں چیک جمہوریہ، جرمنی، پولینڈ اور سلوواکیہ کے لیڈروں کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد ہنگری کے دائیں بازو کی حکمران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے کہا کہ ہمیں سلامتی امور کو لازمی طور پر اولین ترجیح دینا ہو گی۔ اس کام کا آغاز ایک مشترکہ یورپی فوج کے قیام کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

یہ مشاورت اس پس منظر میں کی جا رہی ہے کہ جون میں برطانیہ میں ہونے والے بریگزٹ ریفرنڈم میں ملکی عوام نے برطانیہ کی یورپی یونین میں رکنیت کے آئندہ خاتمے کا جو فیصلہ کیا تھا، اس کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے یورپی یونین کی ایک سربراہی کانفرنس جلد ہی ہونے والی ہے۔

install suchtv android app on google app store