امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں لگا دیں

امریکہ نے بیلسٹک میزائل تجربات میں ملوث ایرانی شخصیات اور کمپنیوں پر نئی پابندیاں لگا دی ہیں۔

نئی پابندیوں کے تحت میزائل تجربات میں ملوث ایران کی گیارہ کمپنیاں اور ان سے وابستہ افراد پر بین الاقوامی مالیاتی نظام کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب ایک دن قبل ہی جوہری معاہدے پر عمل درآمد کی تصدیق کے بعد ایران پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھائی گئیں تھیں۔

امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ ایران نے ’دنیا کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے باب‘ کا آغاز کیا ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے پابندیاں اٹھانے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی تھی اور کہاتھا کہ ’ایران کے عوام کے لیے آج خوشی کا دن ہے۔‘

ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر گذشتہ برس جولائی میں معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد ایران کی جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے ویانا میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایران نے جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کر دیے ہیں۔‘

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے بھی ایران پر امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں ختم کرنے کا اعلان کیاتھا۔

install suchtv android app on google app store