فلپائن میں مرکزی صوبے کے گورنر سمیت 6 افراد قتل

فلپائن میں مرکزی صوبے کے گورنر سمیت 6 افراد قتل فائل فوٹو فلپائن میں مرکزی صوبے کے گورنر سمیت 6 افراد قتل

فلپائن میں سیاست دانوں پر تازہ حملے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک صوبے کے گورنر اور دیگر 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقتول گورنر کی بیوہ نے بتایا کہ مرکزی فلپائن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کے میاں کو ہلاک کردیا گیا اور دیگر 5 افراد بھی مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس نے کہا کہ مشتبہ مسلح افواج کی جیسے وردی میں ملبوس 6 افراد رائفل لیے ہوئے تھے اور پامپلونا قصبے میں گورنر کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کردی۔

فلپائن کے صوبے نیگروس اورینٹئل کے مقتول گورنر روئیل ڈیگامو کی بیوہ نے بتایا کہ روئیل اور مزید 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

جینس ڈیگامو، جو خود بھی پامپلونا کی میئر ہیں، نے کہا کہ گورنر ڈیگامو اس طرح کے قتل کے مستحق نہیں تھے، وہ اپنے حلقے کی خدمت کر رہے تھے۔

فلپائن کے صدر فیڈینانڈ مارکوس نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس سے اپنے سیاسی اتحادی کی ہلاکت کو ’سیاسی قتل‘ قرار دیا اور مجرموں کو خبردار کیا کہ آپ کے بہتر ہے کہ ہتھیار ڈال دیں۔

فیڈینانڈ مارکوس نے کہا کہ میری حکومت اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک اس وحشیانہ اور بدترین واقعے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے پر کھڑا نہیں کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر 4 افراد کی حالت کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔

صوبائی پولیس کے ترجمان کیام لوپیز نے بتایا کہ قتل کا واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا جب وہ اپنے حلقے میں امداد تقسیم کر رہے تھے۔

پولیس نے کہا کہ انہیں 10 مشتبہ افراد کی تلاش ہے، جن میں 6 مسلح افراد بھی شامل ہیں جو جائے وقوع سے دو ایس یو وی اور پک اپ ٹرک میں فرار ہوگئے تھے۔

فلپائن میں سیاست دانوں پر حملوں کی ایک طویل تاریخ ہے اور 56 سالہ ڈیگامو کا قتل تازہ واقعہ ہے اور گزشتہ برس ہونے والے مقامی انتخابات کے بعد یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ہی مقتول گورنر کو نیگروس اورینٹئل کی گورنر شپ کے اصل فاتح قرار دیا تھا کیونکہ ان کے مدمقابل امیدوار نے ان کی کامیابی چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا، جنہوں نے اس سے پہلے خود کو فاتح قرار دیا تھا۔

گورنر ڈیگامو نے اس سے قبل گزشتہ برس صدارتی انتخاب میں موجودہ صدر مارکوس کی انتخامی مہم چلائی تھی۔

فلپائن میں سیاست دانوں پر حملوں میں فروری میں جنوبی صوبے لیناؤ ڈیل سر کے گورنر میمنٹال ایڈیونگ پر فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا تھا تاہم اس حملے میں ان کا ڈرائیور اور سیکیورٹی میں شامل 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح فروری میں ہی شمالی قصبے اپاری کے نائب میئر رومیل المیڈا اور دیگر 5 افراد کو ایک مرکزی شاہراہ پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store