فارمولاون چمپیئن روزبرگ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

عالمی چمپیئن نیکوروز برگ نے ریس عالمی چمپیئن نیکوروز برگ نے ریس

فارمولا ون کے عالمی چمپیئن نیکوروز برگ نے ریس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے نیکوروزبرگ نے گزشتہ اتوار کو ابوظہبی میں برطانیہ کے لیوس ہملٹن کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بننے کااعزاز حاصل کیا تھا۔

نیکوروزبرگ نے فیس بک پر اپنے پیغام میں فورمولاون سے کنارہ کشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ 25 سالوں میں میرا یہ خواب تھا کہ میں فارمولا ون چمپیئن بنوں، سخت محنت اورقربانیوں کی مدد سے میں نے اس کو حاصل کر لیا ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'میں اپنی چوٹی کو سر کرچکا ہوں، میں عروج پر ہوں اور یہ اچھا احساس ہے اور اس وقت میں ان تمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھے اپنے خواب کی تکمیل میں مدد کی'۔

ابوظہبی میں گزشتہ ہفتے کومنعقدہ فارمولا ون ریس میں برطانیہ کے لیوس ہملٹن فاتح رہے تھے لیکن پوائنٹس میں مجموعی برتری کے باعث دوسرے نمبر پر رہنے والے نیکوروزبرگ عالمی چمپیئن بن گئے تھے۔

روزبرگ نے اپنے فیصلے کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'جس پہلو کے باعث میرے لیے یہ فیصلہ مشکل تھا وہ یہ کہ میں اپنے ریسنگ خاندان کو مشکل صورت حال میں چھوڑرہا ہوں'۔

انھوں نے اپنے مستقبل کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا تاہم انھوں نے کہا کہ 'اب میں یہاں لطف اندوز ہوں گا اور دیکھیں گے کہ میری زندگی کے اگلے حصے میں کیا رکھا ہوا ہے'۔

install suchtv android app on google app store