پاکستان کپ: بلوچستان کی اسلام آباد کے خلاف 3 وکٹ سے فتح

پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان نے اسلام آباد کے خلاف 3 وکٹ سے فتح کو گلے لگا لیا پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان نے اسلام آباد کے خلاف 3 وکٹ سے فتح کو گلے لگا لیا

پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان نے اسلام آباد کے خلاف 3 وکٹ سے فتح کو گلے لگا لیا، اظہر علی نے 80 اور عمر اکمل نے 59رنز بنا کر ٹیم کو ہدف تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں اسلام آباد نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر315 کا عمدہ اسکور بنایا، ٹیم کو39 رنز کے اسکور پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، شرجیل خان 13 رنز بنانے کے بعد اویس ضیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

امام الحق نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر حریف بولرز کا بھرکس نکال دیا، انھوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 197 رنز جوڑے، 40.2 اوورز میں 236 رنز کے مجموعی اسکور پر امام الحق 102 رنز بنانے کے بعد بلاول بھٹی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کامران اکمل نے134 رنز اسکور کیے، بلاول بھٹی کو57 رنز کے عوض 3 وکٹیں ملیں، عثمان میر نے 62 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

جوا ب میں بلوچستان نے بہتر کھیل پیش کرکے 49.4 اوورز میں 7 وکٹ پر ہدف پا لیا، کپتان اظہر علی نے 92 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مد دسے 80 رنز بناکر عمدہ آغاز فراہم کیا، عمر اکمل نے 45 گیندوں پر 59 رنز سے ٹیم کو حوصلہ دیا، ان کی اننگزمیں 6 چوکے بھی شامل تھے، اویس ضیا نے 42 گیندوں پر7 چوکوں کی مد د سے 45 رنز بنائے، رمیز راجہ جونیئر نے 33 گیندوں پر اتنے ہی رنز جڑے، بابر اعظم نے 31 اورمحمد حسن نے 25 رنز کا حصہ ڈالا۔

میچ کے آخری اوور میں بلوچتان کو فتح کے لیے6 رنز درکار تھے۔ پہلی گیند پر سنگل کے بعد اگلی بال پر حسن علی نے بلاول بھٹی ٹو کو اپنی ہی گیند پرکیچ کرلیا، تیسری گیند پر کوئی رن نہ بن سکا لیکن چوتھی گیند پر سہیل تنویر نے زور داد چھکا جڑکر اپنی ٹیم کو فتح دلادی، محمد سمیع نے 63 رنز دے کر3 وکٹیں اپنے نام کیں، ارسل شیخ، حسن علی اور محمد عباس کو 1،1 وکٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

install suchtv android app on google app store