یونس پاکستان کپ میں واپسی پر تیار

یونس خان یونس خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ٹیسٹ بلے باز یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان سے پاکستان کپ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر معذرت کردی۔

پاکستان کپ میں خیبر پختونخوا ٹیم کی قیادت کرنے والے یونس خان نے ٹورنامنٹ میں ناقص امپائرنگ پر احتجاج کیا تھا تاہم میچ ریفری کی جانب سے وضاحت کے لیے بلانے پر حاضر نہیں ہوئے تھے جبکہ ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانہ کرنے پر ٹورنامنٹ چھوڑکر کراچی واپس آگئے تھے۔

یونس خان نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو پیر کے روز ٹیلی فون کرکے پاکستان کپ میں پیش آنے والے واقعے پر معذرت کی اور واپسی کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کے کامیاب بلے باز پی سی بی کے مشیر بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ کی ترقی اور وسیع مفاد میں ملک کے اہم ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا میرے لیے فرض تھا'۔

یونس خان نے میچ انتظامیہ کو مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد کی کامیابی پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ پنجاب کے خلاف دو رنز کی فتح کے باوجود اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

میچ ریفری نے ان کے اعتراضات پر میچ فیس کا 50 فی صد جرمانہ کردیا تھا جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر کراچی واپس آگئے تھے۔

یونس خان کی غیر موجودگی میں کے پی کے ٹیم کی قیادت احمد شہزاد نے کی اور اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ان کی ٹیم نے بلوچستان کو 74 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا۔

install suchtv android app on google app store