ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر علی زیدی پر چلا دئیے تنقید کے نشتر

  • اپ ڈیٹ:
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب فائل فوٹو ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جےآئی ٹی رپورٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کیا، ہم نےتمام دستخطوں کےساتھ جےآئی ٹی رپورٹ پبلک کی۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج علی زیدی صاحب نے کہا 4 دستخط والی جے آئی ٹی میرے پاس ہے، وہ یہ بتائیں کہ انہیں یہ رپورٹ کس نے دی؟ اس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کے کیس میں 7 ممبران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی گئی جنہوں نے اپنی رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرا دی تھی اور ہم نے تمام دستخطوں کے ساتھ جے آئی ٹی رپورٹ پبلک کی۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ علی زیدی صاحب نے بڑے بڑے اعلانات کیے اور گزشتہ روز کہا کہ میں بڑے انکشافات کروں گا، انہوں نے 2016 میں سوشل میڈیا پر چلنے والے کاغذات دکھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی زیدی صاحب کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ حکومت جے آئی ٹیز پبلک کرے گی جبکہ انہوں نے اپنی کانفرنس میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس کوئی قانونی کاغذ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف تھی، سرکاری دستاویزات پر دستخط اور مہر کا ہونا ضروری ہوتا ہے، کاغذ پر لکھ دوں کہ علی زیدی کا دماغی توازن درست نہیں ہے تو کوئی نہیں مانے گا؟

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش موجودہ وسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے وفاقی وزرا الزام تراشی کی سیاست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عمران خان کے کہنے پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا اور چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوگوں کو بجلی نہیں مل رہی لیکن بجلی کے نرخوں میں اضافہ کردیا گیا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی، وفاقی حکومت کو بہت عرصے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی کرنی پڑی، کمی ہونے کے باوجود پیٹرول دستیاب نہیں تھ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو مافیاز کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے، پہلی بار ایسا ہوا کہ وفاقی حکومت نے 26تاریخ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store