ایم کیو ایم کارکنوں نے نجی ٹی وی پر دھاوا بول دیا، صورتحال کشیدہ، ایک شخص جاں بحق

ایم کیو ایم کارکنوں نے نجی ٹی وی پر دھاوا بول دیا، صورتحال کشیدہ، ایک شخص جاں بحق ایم کیو ایم کارکنوں نے نجی ٹی وی پر دھاوا بول دیا، صورتحال کشیدہ، ایک شخص جاں بحق

کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر دھاوا، فوارہ چوک میدان جنگ بن گیا، مدینہ مال میں توڑ پھوڑ، فائرنگ، شیلنگ، ایک شخص جاں بحق، 9 زخمی، مظاہرین نے پولیس موبائل اور دو موٹر سائیکلیں جلا دیں۔

آج پاکستان میں میڈیا کیلئے سیاہ ترین دن ہے۔ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مشتعل افراد نے نجی چینل کے دفتر پر دھاوا بول کر ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔ مظاہرین نے دفتر میں داخل ہو کر شیشے، کیمرے اور لیپ ٹاپس سمیت قیمتی سامان توڑ ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنوں نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے مرکزی گیٹ کا جنگلا توڑ ڈالا اور سیکیورٹی عملے سے اسلحہ چھین کر اندر داخل ہو گئے۔ مسلح حملہ آوروں نے ٹی وی کے ملازمین کو بھی یرغمال بنا لیا۔ کمروں اور کیبنز میں قیمتی سامان سمیت جو ہاتھ لگا توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ توڑ پھوڑ میں ڈنڈا بردار خواتین بھی پیچھے نہ رہیں۔ مشتعل افراد نے مبینہ طور پر ملازمین سے موبائل فونز اور پرس بھی چھین لئے۔ رینجرز نے پہنچ کر حالات پر قابو پایا۔ حملہ آوروں کے تشدد سے ایک چینل کا کیمرہ مین بھی زخمی ہو گیا۔ مشتعل افراد نے پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی چینلز کی ڈی ایس این جیز کی بھی توڑ پھوڑ کی۔


ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنوں نے پولیس کی گاڑی اور دو موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کر دیا اور فوراہ چوک پر ٹریفک چوکی کو بھی توڑ دیا۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس والوں پر تشدد بھی کیا گیا اور اسلحہ چھیننے کی کوشش کی گئی۔ تصادم میں ایک شخص کے جاں بحق جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اے آر وائے کے دفتر کا دورہ کیا انہیں تشدد کے واقعے کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ کوئٹہ کی طرح دہشت گردی کا منصوبہ تھا۔ ملوث افراد کو کٹہرے میں لائیں گے۔ دوسری جانب ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ شرپسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کر دی ہے۔ کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی کی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں۔ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے۔

install suchtv android app on google app store