لیگی کارکن کی موت کی وجہ اوور ڈرگنگ

 سمعیہ سمعیہ

چمبہ ہاؤس میں پراسرار موت کا شکار ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی کارکن سمیعہ چوہدری کی فرانزک رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت کی وجہ اوور ڈرگنگ کو قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ خاتون سمیعہ کی موت کی وجہ تشدد نہیں، فرانزک رپورٹ میں آنے والی معلومات کے حساب سے وہ کوکین کے زائد استعمال کی وجہ سے ہلاک ہوئیں۔

یاد رہے کہ 26 نومبر کو حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کو الاٹ ریس کورس کے علاقے میں قائم فیڈرل لاجز کے کمرے سے ایک 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق لاش ساہیوال سے تعلق رکھنے والی سمیعہ چوہدری کی تھی جو 22 نومبر سے اس کمرے میں رکن اسمبلی چوہدری محمد اشرف کے ریفرنس سے مقیم تھیں۔

ابتدائی تحقیقات میں تین روز پرانی لاش کے پوسٹ مارٹم میں خاتون کی موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی تھی تاہم ان کے شوہر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمے کا اندراج کرلیا گیا تھا۔

وزیر قانون پنجاب کے مطابق، ایک دو ٹیسٹ کی رپورٹ آنا اب بھی باقی ہے جس کے بعد تمام رپورٹس پوسٹ مارٹم کرنے والے متعلقہ ڈاکٹر کو فراہم کی جائیں گی جس پر وہ حتمی رائے دیں گے۔

رانا ثنااللہ نے فیڈرل لاجز کے کمرے میں خاتون کے ٹھہرنے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا ایک ریسپشنسٹ کی ملی بھگت سے ممکن ہوسکا اور پولیس اس ریسپشنسٹ سے تفتیش کررہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کمروں میں ٹھہرنے سے پہلے مکمل شناخت کی تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے اور سمیعہ اس کے بعد ہی اس کمرے میں ٹھہری تھیں، خاتون کا کوئی کرمنل ریکارڈ موجود نہیں، اس کے باوجود فیڈرل لاجز میں ٹھہرنا غیرقانونی ہے اور اس میں ملوث ریسپشنسٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store