مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش، سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی

  • اپ ڈیٹ:
سابق وزیراعظم نواز شریف،  مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر فائل فوٹو سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے، جو اس وقت لندن میں موجود ہیں۔

مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وکلاء کی ایک ٹیم نے عدالت میں جانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر انہوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔

وکلاء کے احتجاج اور دھکم پیل کے دوران ایک خاتون اٹارنی جنرل زخمی بھی ہوگئیں۔

جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت سے جانے کی اجازت دیتے ہوئے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 19 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

مزید جانئیے: اسلام آباد کی احتساب عدالت میں کل شریف فیملی کی پیشی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

یاد رہے کہ رواں برس 28 جولائی کو سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے خلاف 3 ریفرنسز دائر کیے گئے تھے جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں شامل ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران پیش نہ ہونے پر نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

رواں ماہ 9 اکتوبر کو کیپٹن (ر) محمد صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ قطر ایئرویز کی پرواز کے ذریعے جب لندن سے اسلام آباد پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود نیب حکام نے انہیں ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جبکہ مریم نواز کو جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

بعدازاں نیب ٹیم نے کیپٹن صفدر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جبکہ مریم نواز خود عدالت پہنچیں۔

سماعت کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز کی ضمانت 50 لاکھ روپے کے علیحدہ علیحدہ ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرلی تھی جبکہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ریفرنس: مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور

دوسری جانب سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کا مقدمہ دیگر افراد سے علیحدہ کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا۔

گذشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر نے نیب ریفرنس کے سلسلے میں احتساب عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کے حکم نامے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جسے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store