نئے آرمی چیف قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے: سیاسی ومذہبی رہنما

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پرویز مشرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پرویز مشرف

سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے اور انھیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیدہے نئے آرمی چیف قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ کو بہت نازک دور میں اہم ذمہ داری ملی ہے۔

بھارتی جارحیت کے باعث تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، نئے آرمی چیف کوان سب چیلنجز کا سامناہے، امید ہے نئی فوجی قیادت دہشت گردی کے خاتمے، کراچی میں امن وامان کے قیام اور بھارتی جارحیت سے نمٹنے کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جنرل راحیل شریف کی طرح کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم آرمی چیف کے ساتھ ہے، امید ہے نئے آرمی چیف قوم کی توقعات پر پورا اتریںگے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مبارکباد دیتے ہوئے دونوں افسران کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اور قوم کی دعائیں فوج کی نئی قیادت کے ساتھ ہیں، ہم امید کرتے ہیںکہ دہشت گردی کے خاتمے، کراچی میں امن وامان کے قیام اور بھارتی جارحیت سے نمٹنے کی پالیسیوں کوجاری رکھیں گے اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فوج کی اجتماعی بصیرت سے آنیوالے چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔

مزید جانئیے: لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا گیا

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کو بڑے ہی نازک دور میں اہم ذمہ داری ملی ہے، بھارتی جارحیت کے باعث تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، کراچی آپریشن ابھی نامکمل ہے، اسے مکمل کرنا ہوگا۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویزمشرف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ اپنے پیش روجنرل راحیل شریف کی پالیسیوںکا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اپنی زبردست قیادت میںملکی دفاع مضبوط تر بنائیں گے۔

امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید نے کہا کہ پاکستانی قوم کو یقین ہے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلیے جرات مندانہ کردار ادا کریںگے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے جنرل جاویدقمرباجوہ کو چیف آف آرمی اسٹاف اورجنرل زبیرمحمودحیات کوجوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چیئرمین مقررہونے پر دلی مبارکبادپیش کی ہے ۔

install suchtv android app on google app store