امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی مد میں امریکی مدد پر پابندی عائد کر دی

امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی مد میں امریکی مدد پر پابندی عائد کر دی فائل فوٹو

امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی پاکستان کو فروخت کرنے کے حوالے سے کسی طرح کی امریکی مدد دینے پر پابندی لگا دی ہے جس کے بعد معاہدے کی تمام رقم پاکستانی حکام کو ہی ادا کرنا ہو گی۔

انتظامیہ کو یہ فیصلہ سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب كاركر کے حکم پر لینا پڑا ہے کیونکہ کانگریس کے پاس یہ حق ہوتا ہے کہ وہ اس رقم کو جاری نہ کرے۔ اوباما انتظامیہ اب بھی پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے حق میں ہے لیکن اس کے لیے امریکی پیسہ خرچ نہیں کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ امریکی انتظامیہ نے اس سال کے لیے دوسرے ممالک کو دی جانے والی فوجی امداد میں پاکستان کے لیے چہتر کروڑ بیس لاکھ ڈالر کا بجٹ کانگریس کے سامنے پیش کیا تھا جوکہ تاحال رکا ہوا ہے جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم پاکستان کو نہیں دی جا سکتی جب تک کہ کانگریس اپنا ذہن تبدیل نہ کر لے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے پاکستان کو آٹھ ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا جس پر ستر کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہونا تھی جس کے متعلق خیال کیا جا رہا تھا کہ اس رقم میں سے تقریباً تنتالیس کروڑ ڈالر کی مدد امریکہ کرتا جبکہ ستائیس کروڑ پاکستان ادا کراتا تاہم کانگریس کی جانب سے امدادی رقم نہ دینے پر اب پورا ستر کروڑ پاکستان کو ہی ادا کرنا ہو گا۔

 

install suchtv android app on google app store