ایف 16 طیارے ملنےسےپاکستان کی دہشتگردی سےنمٹنےکی صلاحیت میں اضافہ ہوگا: دفترخارجہ

 نفیس ذکریا نفیس ذکریا

دفتر خارجہ کے ترجمان نے انٹرویو میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کسی دوسرے ملک کیلئے فکر کی بات نہیں ہونی چاہیے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کا پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فروخت کرنے کے فیصلے سے دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔

 دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کسی دوسرے ملک کیلئے فکر کی بات نہیں ہونی چاہیے۔

طیاروں کی فروخت کے معاملے پر بھارتی تحفظات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ردعمل پر حیرانگی اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنے بیانات میں بار بار یہ بات واضح کی ہے کہ یہ طیارے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف صلاحیت بڑھانے کیلئے دئیے جا رہے ہیں۔

نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار سب سے بڑا ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عالمی برادری نے ان کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے اور انہیں سراہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے اس لئے یہ بات ضروری ہے کہ تمام ملک دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون کریں۔ایک سوال پر نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وزارتی سطح کے تذویراتی مذاکرات کا چھٹا دور پیر کو واشنگٹن میں ہو گا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store