ووٹ کو عزت دو والے اپنا نظریہ بدل سکتے ہیں ہم نہیں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب پر کبھی کوئی شوباز مسلط کیا جاتا تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، ہم پاکستان کو ان نالائقوں کے حوالے نہیں کر سکتے۔

لاہور میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم پر طنز کرتے ہیں آپ کی تعداد کم ہے، آپ لاہور کیوں آئے ہیں، ان کو سمجھائیں کہ لاہور میرا بھی شہر ہے، ہم 72 کے قافلے سے ہیں، چاہے تعداد کم ہی کیوں نہ ہو بھرپور مقابلہ کریں گے، قائد عوام کی پھانسی کی سزا پر لاہور کے شہریوں نے اپنے آپ کو جلایا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں لاہور کی سرزمین پر کھڑے ہو سب کو پیغام دیتا ہوں حالات ضرور مشکل ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، معاشی بحران ہے، سیاسی اور جمہوری بحران ہیں لیکن عوام مایوس نہ ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جو نفرت کی سیاست کر رہے ہیں اس سے ملک تقسیم ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرے گی، ملک کو سیاسی بحران سے نکالیں گے، دہشت گرد پھر سر اٹھا رہا ہے وہ ہمیں نظر آرہا ہے، جو دہشت گرد ملک میں سر اٹھا رہے ہیں ان کا سر میں خود کاٹوں گا‘۔

انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی خاطر آپ نے ظلم برداشت کیا، ووٹ کو عزت دو والے اپنا نظریہ بدل سکتے ہیں مگر ہم اپنا نظریہ نہیں بدلتے، آپ آئیں آپ کے ووٹ کو ہم عزت دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں پاکستان کے دل سے الیکشن لڑ رہا ہوں، اس وقت پاکستان کا دل ٹوٹا ہوا اس کو جوڑیں گے، جو کہتے ہیں لاہور کیوں آئے ہو لاہور تو ہمارا ہے، ان کو بتائیں لاہور پیپلز پارٹی کا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پنجاب پر کبھی کوئی شوباز مسلط کیا جاتا تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، ہم پاکستان کو ان نالائقوں کے حوالے نہیں کر سکتے، پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جو وعدہ پورا کر کے دکھاتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے انتخابات کے لیے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے منشور تیار کیا ہے‘۔

install suchtv android app on google app store