کرما والے پاکستانی روایتی موسیقی کا ملاپ

موسیقار حمزہ جعفری ان دنوں اپنے نئے پروجیکٹ 'برادری براڈکاسٹ' پر کام کررہے ہیں، جس میں 10 علاقائی زبانوں کی موسیقی کا ملاپ پیش کیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ میں پاکستان بھر سے 15 فنکار شامل کیے جائیں گے۔

برادری براڈ کاسٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران حمزہ کا پہلا گانا 'کرما والے' ریلیز کیا گیا، جسے دیکھ اور سُن کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شائقین ان مشرقی روایتی گانوں سے کیا امید رکھیں۔

6 منٹ دورانیہ پر مشتمل یہ گانا سرفراز علی، اکرم خان اور زرناب راشد نے گایا ہے، جس کے بول توقیر چغتائی نے لکھے ہیں، یہ گانا پنجابی لوک اور اردو غزل کے ملاپ سے بنایا گیا۔

حمزہ کا کہنا تھا 'آج کل ہر جگہ مشرقی اور مغربی میوزک کو پیش کیا جارہا ہے، پاکستان کے صوبوں میں روایتی موسیقی موجود ہے اور اگر ان سب کو ملا کر فیوژن بنایا جائے تو یقیناً یہ بہترین ہوگا، جیسے پنجابی لوک اور بلوچی کو ملا کر پیش کرنا، سندھی اور اردو کو ایک ساتھ پیش کرنا، پشتو اور شینا اور دیگر موسیقی کو ملانا'۔

حمزہ برادری براڈکاسٹ کے بقیہ گانے اگلے سال ریلیز کریں گے۔

اس پراجیکٹ کے کمپوزر اور ہدایتکار اکرم راجا ہیں، ان ویڈیوز کو رولا نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ یوسف بشیر قریشی نے ملبوسات ڈیزائن کیے ہیں۔

install suchtv android app on google app store