Logo
Print this page

اسرائیل پر حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اظہار یکجہتی کے لیے قطر روانہ

  • اپ ڈیٹ:
  • زمرہ پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف دوحہ روانہ ہوگئے فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف دوحہ روانہ ہوگئے

اسرائیلی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ وہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے اور حالات پر تبادلہ خیال کریں گے، ساتھ ہی فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا پیغام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی، شاہی خاندان اور قطری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ دورے پر دوحہ روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی، ملاقات میں اسرائیل کے خطے کے مختلف ممالک پر بلاجوازحملوں اور مسلسل جارحیت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے قیام کیلئے مشاورت کی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات کے دوران اسرائیل کی بلاجواز جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کے پس منظر میں قطر اور قطری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

جبکہ اس موقع پر دونوں رہنما خطے میں امن کے قیام اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت بھی کریں گے۔

وزیراعظم اس ملاقات میں اس بات کا اعادہ کریں گے کہ قطر اور پاکستان کے دیرینہ تاریخی و برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔

install suchtv android app on google app store
Urdu News - پاکستان اور دنیا بھر سے بریکنگ نیوز، کھیل، صحت، تفریح، تجارت اور ٹیکنالوجی کی تازہ ترین اردو خبریں
All Rights Reserved © SUCH TV 2023. SUCH TV is not responsible for the content of external sites.