وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، ادویات کی فراہمی اور دیگر علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر علاج کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی ادویات ہر وقت دستیاب رہیں اور کسی بھی مریض کو علاج میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے صحت کارڈ پروگرام کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا تعطل علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور صحت کارڈ کے فنڈز پہلے ہی جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو تاکید کی کہ عوامی سہولت کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ صحت کی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔